پلازہ میں آتشزدگی ، ریسکیو نے تباہی سے بچالیا

لاہور(کرائم رپورٹر)برانتھ روڈ واقع پلازہ میں آتشزدگی ہوگئی ریسکیو1122 نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے آگ پر قابو پاکر کروڑوں روپے مالیت کے سامان سے بھری مارکیٹ کو نذرآتش ہونے سے بچا لیاتفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایمرجنسی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور کوعلی الصبح 5 بجکر 31 منٹ پر کال موصول ہوئی جس میں کالر نے بتایا کہ برانتھ روڈ، دال گراں چوک کے قریب واقعے ایک چار منزلہ پلازہ میں آگ لگی ہے۔ریسکیورز چند منٹوں میں جائے حادثہ پر پہنچے اور اپنی پیشہ وارانہ تربیت کو بروئے کار لاتے ہوئے دو سیکٹرز سے فائر فائٹنگ شروع کی اور 90 منٹ کی مسلسل فائر فائٹنگ کے بعد آگ کو مزید پھلنے سے روکتے ہوئے نہ صرف آگ پر قابو پایا بلکہ 4 مرلہ پر مشتمل اس پلازہ کے ساتھ واقع دیگرکاروباری مراکزکو جن میں کروڑوں روپئے مالیت کا سامان موجود تھا کو بھی آگ کی نذر ہونے سے بچا لیا۔مذکورہ پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر مکینیکل و الیکٹرک آلات کی دکان واقع ہے جبکہ اوپر والی دو منزلیں دفتری استعمال میں اور آخری منزل میں گودام بنایا گیا ہے۔ جس میں مکینیکل اور الیکٹریکل ?آلات وغیرہ رکھی گئی تھیں۔ موقع پرموجودپلازہ کے مالک فہدو دیگرنے ریسکیورز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کی تعطیلات کی وجہ سے پلازہ دو دن سے بند تھا آگ نامعلوم وجہ سے لگی۔ اس فائر ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 کی 4 فائر وہیکلز، 1 ایریل پلیٹ فارم وہیکل، 1 واٹر بائزر، 2ریسکیو وہیکلزاور 1 ریسکیو ایمرجنسی ایمبولینس نے حصہ لیا۔