بلوچستان میں 1500فلاحی تنظیموں اور اداروں کی رجسٹریشن ختم

فلاحی تنظیموں کو31 جولائی تک چیرٹیز اینڈ ریگولیشن اتھارٹی میں رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی ہے
کوئٹہ(آئی این  پی )بلوچستان کی چیرٹیز  اینڈ ریگولیشن اتھارٹی نے محکمہ سماجی بہبود میں رجسٹرڈ تمام فلاحی تنظیموں اور اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کردی۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان چیرٹیز  اینڈ ریگولیشن اتھارٹی سلیم کھوسہ نے بتایا کہ بلوچستان میں 1500 این جی اوز، فانڈیشن، ٹرسٹ، مدارس، مساجد، ایسوسی ایشنز ، یونیز، کمیونٹی آرگنائزیشنز محکمہ سماجی بہبود میں رجسٹرڈ تھے لیکن اب  ان تمام فلاحی تنظیموں اور  اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب ان فلاحی تنظیموں اور اداروں کو  31 جولائی تک دوبارہ بلوچستان چیرٹیز اینڈ ریگولیشن اتھارٹی میں رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان چیرٹیز اینڈ ریگولیشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے بغیر فنڈز وصول کرکے کام کرنے والی فلاحی تنظیموں اور اداروں کے خلاف کارروائی کے اختیارات ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کردئیے گئے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کے  مرتکب افراد کو  ایک سال قید یا 20 لاکھ روپے جرمانہ دینا پڑسکتا ہے، دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہے۔