پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں فالج کے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اسٹروک منیجمنٹ سینٹرز کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
اس اہم فیصلے کے تحت تمام اضلاع کے سرکاری اسپتالوں میں فالج کے علاج کے لیے خصوصی اسٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔اس حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ فالج ایک ہنگامی اور جان لیوا مرض ہے، جس کے فوری علاج سے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ ہر ضلع میں جدید سہولیات سے آراستہ اسٹروک سینٹر قائم کیے جائیں اور مرحلہ وار اس سہولت کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک بڑھایا جائے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ ہر شہری کو ایمرجنسی علاج کی سہولت اس کے قریب ترین اسپتال میں ملنی چاہیے، تاکہ قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسٹروک سینٹرز میں تربیت یافتہ عملہ، جدید مشینری اور ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ان سینٹرز کے قیام سے فالج کے مریضوں کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہوگا، جس سے اموات اور مستقل معذوری کے خطرات میں نمایاں کمی آئے گی۔ حکومت پنجاب کے اس اقدام کو عوامی صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔