نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار رواں برس اپنے دوسرے غیرملکی دورے کی تیاریاں مکمل کر رہے ہیں، جس کے تحت وہ سعودی عرب جائیں گے۔
اس دورے کا مقصد پاکستان کی نمائندگی کرنا اور اہم بین الاقوامی امور پر بریفنگ دینا ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے، جو 10 جنوری کو جدہ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس خاص طور پر اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو بطور ملک تسلیم کرنے کے حالیہ اقدام کے خلاف بلایا گیا ہے۔ مسلم دنیا کے بیشتر ممالک، بشمول پاکستان اور مشرق وسطی کے ممالک، اس اقدام کی شدید مذمت کر چکے ہیں۔ اجلاس میں مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے اور اسرائیلی اقدام کا مقابلہ کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اس اجلاس میں اسرائیل کے تازہ اقدام کو مسترد کرتے ہوئے بھرپور موقف اختیار کرے گا۔
اسحاق ڈار کے یہ دورے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مسلم ممالک کے ساتھ یکجہتی اور علاقائی مسائل پر مؤثر کردار کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔اسحاق ڈار نے اس برس کا اپنا پہلا غیرملکی دورہ چین کیا تھا، جہاں وہ 3 جنوری کو بیجنگ پہنچے اور 4 جنوری کو پاک چین اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک مذاکرات میں حصہ لیا۔ وہ چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کرنے والے پہلے غیرملکی راہنما بھی بنے۔یہ دورہ پاکستان کے خارجہ تعلقات اور مسلم ممالک کے درمیان یکجہتی کو مضبوط کرنے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔