ڈاکٹر عثمان انور سے ڈی ایس پی طارق کمبوہ شہید کی بیٹی کی ملاقات

 ماہ نور طارق کو  اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے امتحان میں کامیابی پر دلی مبارکباد دی
لاہور( کرائم رپورٹر)سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ڈی ایس پی طارق کمبوہ شہید کی بیٹی ماہ نور طارق نے ملاقات کی۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے ماہ نور طارق کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے پر دلی مبارکباد دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید ڈی ایس پی طارق کمبوہ کی اہلیہ کو محدود وسائل کے باوجود بیٹی کو اعلیٰ تعلیم دلوانے، بہترین تربیت اور مستقبل سنوارنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء￿  کے اہل خانہ خصوصاً ان کی اولاد کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ ماہ نور طارق نے محنت، لگن اور استقامت سے یہ مقام حاصل کیا جو نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے ماہ نور طارق کو نصیحت کی کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے نئے آئیڈیاز کے ساتھ شہریوں کی بھرپور خدمت کریں اور اپنے اختیارات و صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت، تعمیر و ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔اس موقع پر ماہ نور طارق کمبوہ نے کہا کہ انہیں اپنے والد پر فخر ہے جنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔ انہوں نے کہا کہ والد کی قربانی ہمیشہ ان کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ماہ نور طارق نہ صرف  پی پی ایس سی کے امتحان میں کامیاب ہوئی ہیں بلکہ وہ سی ایس ایس 2025ء￿  کا تحریری امتحان بھی پاس کر چکی ہیں، جو ان کی غیر معمولی محنت اور قابلیت کا واضح ثبوت ہے۔