اسلام آباد (آئی این پی )قومی بچت سکیموں کے شرح منافع میں ردوبدل کر دیا گیا ہے،اطلاق 5 جنوری 2026 سے ہوگا۔ تازہ اعلامیے کے مطابق بعض مقبول سکیموں پر منافع میں کمی کی گئی جبکہ چند اسکیموں میں سرمایہ کاروں کو قدرے بہتر ریٹرن دیا جائے گا۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس (ڈی ایس سی) پر منافع کی شرح میں 23 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی شرح 11.08 فیصد سالانہ مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس، پنشنرز بینیفٹ اکانٹ اور شہدا فیملی ویلفیئر اکانٹ پر منافع 24 بیسس پوائنٹس کم کر کے 12.48 فیصد سالانہ کر دیا گیا ہے، ریگولر انکم سرٹیفکیٹس (آر آئی سی) میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے خوشخبری ہے، جہاں منافع کی شرح میں 36 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے اور نئی شرح 10.56 فیصد سالانہ ہو گئی ہے۔ اسی طرح اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس اور اسپیشل سیونگز اکانٹس پر منافع میں 40 بیسس پوائنٹس اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں اسکیمیں 11 فیصد سالانہ منافع فراہم کریں گی۔ اسلامی بچت سکیموں میں بھی معمولی رد و بدل کیا گیا ہے۔ سروا اسلامک ٹرم اکانٹ (ایک سالہ) اور سروا اسلامک سیونگز اکانٹ پر منافع 9.96 فیصد سالانہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تین سالہ سروا اسلامک ٹرم اکانٹ پر 10.2 فیصد اور پانچ سالہ مدت کے لیے 10.44 فیصد سالانہ منافع دیا جائے گا۔