بھارت: خاتون شوہر اور 6بچوں کو چھوڑ کر بھکاری کیساتھ بھاگ گئی

 بھینس بیچ کر جو رقم حاصل کی تھی وہ بھی بیوی ساتھ لے گئی، شک ہے بھکاری اپنے ساتھ لے گیا،شوہر راجو
 نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ریاست اتر پردیش میں انتہائی غیر معمولی واقعہ پیش آیا جس میں خاتون اپنے شوہر اور 6 بچوں کو چھوڑ کر ایک بھکاری کے ساتھ بھاگ نکلی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجو نامی شہری نے اپنی 36سالہ اہلیہ کے بھکاری کے ساتھ مبینہ طور پر بھاگ جانے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے دونوں کی تلاش شروع کردی۔بھارتی میڈیا کے مطابق 45سالہ راجو نے کہا ہے کہ وہ ہرپال پور کے علاقے میں اپنی بیوی راجیشوری اور 6بچوں کے ساتھ رہتا ہے، 45سالہ ننھا پنڈت نامی شخص کبھی کبھی محلے میں بھیک مانگنے آتا تھا اور میری بیوی سے بات کرتا تھا، بعدازاں دونوں کی فون پر بھی بات شروع ہوگئی۔متاثرہ شخص نے کہا کہ 3 جنوری کو دوپہر 2 بجے کے قریب میری بیوی راجیشوری نے ہماری بیٹی خوشبو کو بتایا کہ وہ کپڑے اور سبزی لینے بازار جا رہی ہے لیکن جب وہ واپس نہیں آئی تو میں نے اسے ہر جگہ تلاش کیا، وہ نہیں ملی۔راجو کا کہنا ہے کہ میری بیوی گھر سے بھاگ گئی ہے، میں نے ایک بھینس بیچ کر جو رقم حاصل کی تھی وہ بھی بیوی ساتھ لے گئی، مجھے شک ہے کہ بھکاری میری بیوی کو اپنے ساتھ لے گیا ہے۔