نیٹ میٹرنگ کی درخواستوں کا حجم مجموعی پیداواری صلاحیت سے بڑھ گیا

ڈسکوز کے پاس نیٹ میٹرنگ کی زیر التواء درخواستوں کی تعداد 4742 تک پہنچ گئی،رپورٹ
 اسلام آباد(آئی این پی )ملک میں نیٹ میٹرنگ کی درخواستوں کا حجم مجموعی پیداواری صلاحیت سے بڑھ گیا، ڈسکوز کے پاس نیٹ میٹرنگ کی زیر التواء درخواستوں کی تعداد 4742تک پہنچ گئی۔مہنگی بجلی کے باعث صارفین کا تیزی سے نیٹ میٹرنگ کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے جس کے باعث 58ہزار 822 میگاواٹ صلاحیت کی سولر نیٹ میٹرنگ کی درخواستیں زیر التوا ء ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔نیپرا کے مطابق ملک میں اس وقت بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 46ہزار میگاواٹ تک ہے۔دستاویزات کے مطابق سب سب زیادہ آئیسکو کے پاس نیٹ میٹرنگ کی 1363درخواستیں زیر التوا ء ہیں جبکہ 1363 زیر التواء درخواستوں کی پیداواری صلاحیت 12ہزار 276میگاواٹ ہے۔گیپکو کے پاس 6282میگاواٹ صلاحیت کی نیٹ میٹرنگ کی 117درخواستیں، لیسکو کے پاس 6143میگاواٹ صلاحیت کی سولر نیٹ میٹرنگ کی 699درخواستیں، فیسکو کے پاس 12ہزار 399میگاواٹ صلاحیت کی 871 درخواستیں اور کے الیکٹرک کے پاس 10ہزار 164میگاواٹ صلاحیت کی 773درخواستیں زیر التواء ہیں۔دستاویزات میں درخواستوں کی عدم منظوری کی بڑی وجہ نیٹ میٹرنگ کے زیادہ بائی بیک ریٹس قرار دیا گیا ہے۔اتھارٹی نے بہتر نتائج کے لیے نیٹ میٹرنگ کے لیے متوازن نظر ثانی شدہ ٹیرف سٹرکچر پر زور دیا ہے۔ نیپرا نے بڑے سولر منصوبے لگانے کے بجائے سولر صارفین کی حوصلہ افزائی کی تجویز بھی دی ہے۔