پنجاب کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس، امن و امان کی صورتحال تسلی بخش قرار

وزیراعلی   کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سول اور سینئر عسکری حکام کی شرکت ، پنجاب کی امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ 
 چیمپئنز  ٹرافی کے موقع پر تمام کھلاڑیوں کو وی وی آئی پی سکیورٹی دی جائے گی، چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق عملدآمد رپورٹ بھی پیش  کی گئی  
ہرروز نیا چیلنج، صحت کی بہترین سہولیات عوام کا حق ہے، کینسر کے علاج کیلئے چین سے معاونت لی جائیگی:ہیلتھ کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب کی اپیکس کمیٹی نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دے دیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سول اور سینئر عسکری حکام نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب کی امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں 6 ایجنڈے زیر بحث رہے جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش قرار دی گئی۔اجلاس کے دوران پنجاب میں سکیورٹی خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کیلئے سکیورٹی پلان کی منظوری دی گئی، چیمپئنز  ٹرافی کے موقع پر تمام کھلاڑیوں کو وی وی آئی پی سکیورٹی دی جائے گی۔دوران اجلاس چائنیز کی سکیورٹی سے متعلق عملدآمد رپورٹ بھی پیش کی گئی ، چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق مزید اقدامات کیلئے احکامات جاری کئے گئے ، اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے امن و امان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور مزید اہم ٹاسک سونپے گئے۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک ڈسپلن کی خلاف ورزی سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں ٹریفک ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے پنجاب میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمنٹ لازمی قرار دے دیا اور متعلقہ پولیس کو حکم ہر من و عن عملدرآمد کروانے کے احکاما ت جاری کردیے۔ ۔لاہور میں ہیلتھ کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہ جب سے حلف اٹھایا ہے ہر روز ایک نیا چیلنج ہوتا ہے، سرکاری ہسپتالوں سے دوائیں بھی چوری ہوتی ہیں اور ٹیسٹ بھی باہر سے کرائے جاتے ہیں، اب کینسراورہیپاٹائٹس کی مفت ادویات گھروں میں فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے دورے پر گئی تو وہاں سب سے زیادہ طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کی، چین کا دورہ بہت مفید رہا، چین نے کینسر کا علاج نکالا ہے جس سے ٹیومر کو فریز کردیا وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے پہلے دور میں ہسپتالوں میں مفت ادویات ملتی تھیں ، بہت جلد انسولین کی بھی مفت ہوم ڈیلیوری شروع کرا دی جائے گی ،ادویات نہ ملنے کی صورت میں مریض ہیلپ ڈیسک پر شکایات کرسکیں گے۔