بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے‘‘ علامہ طاہر اشرفی

 پاکستان کی افواج فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں
کوئٹہ  (آئی این پی) چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے، ملکی سلامتی و تحفظ ہر چیز سے مقدم ہے۔کوئٹہ میں قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ نیوز کا نفرنس  میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں، قومی پیغام امن کمیٹی کا مقصد مساوات اور بھائی چارے کا فروغ ہے۔علامہ طاہر اشرفی نے زور دیا کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ریاست اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، کوئٹہ کا 3 روزہ دورہ کیا، ہمیں حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی، ہماری وزیرِ اعلی، گورنر اور دیگر حکام سے ملاقاتیں ہوئیں، پوری قوم پاکستانی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ افغانستان کو دہشت گردی کے شواہد فراہم کیے جا چکے ہیں، افغانستان بارڈر پر جاری جنگ کو جہاد سمجھتے ہیں۔اس موقع پر مولانا عبدالرحیم نے کہا کہ بلوچستان میں کیے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور حقیقی مسائل پر بات ہوئی، عید کے بعد 2 روزہ غیر معمولی سیمینار منعقد کیا جائے گا تاکہ مکالمے کے ذریعے امن کو فروغ دیا جا سکے۔علامہ ہاشم موسوی نے بھی امن قائم کرنے کے لیے مکالمے کو بہترین حل قرار دیا۔