پاکستان اورکینیڈا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹادور

 تجارت ‘ سرمایہ کاری، زراعت ، توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق  
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ، کاروباری برادری کی معاونت اور تجارتی وفود کی سہولت کاری پر بھی زور دیا گیا۔ بیان کے مطابق دونوں فریقین نے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور ایگری ٹیک، کان کنی و معدنیات، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت اور آئی سی ٹی میں تعاون، ہنرمند افرادی قوت، تعلیم و تحقیق اور سیاحت کے شعبوں میں شراکت داری پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں پائیدار اور باہمی مفاد پر مبنی ترقی کے لئے سرمایہ کاری کو کلیدی عنصر قرار دیا گیا اور نجی شعبے میں ابھرتے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا