ٹرمپ نے بائیڈن کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی

ٹرمپ نے بائیڈن کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیشرو جو بائیڈن کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی ہے، جس کے نتیجے میں جو بائیڈن اب خفیہ معلومات تک رسائی اور روزانہ کی انٹیلی جنس بریفنگز حاصل نہیں کر سکیں گے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹرتھ سوشل' پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ جو بائیڈن کو خفیہ معلومات تک رسائی کی ضرورت نہیں ہے، اس لیے ان کی سیکیورٹی کلیئرنس اور انٹیلی جنس بریفنگز فوری طور پر منسوخ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام 2021 میں جو بائیڈن کی جانب سے ان کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کرنے کے جواب میں کیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے جو بائیڈن کی یادداشت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حساس معلومات کے معاملے میں وہ اپنے بہترین ادوار میں بھی قابل اعتماد نہیں تھے۔ انہوں نے اپنے مشہور فقرے کا استعمال کرتے ہوئے کہا، "جو بائیڈن، آپ کو نکال دیا گیا ہے۔" امریکا میں سابق صدور کو عموماً سیکیورٹی کلیئرنس اور انٹیلی جنس بریفنگز تک رسائی کی سہولت دی جاتی ہے، لیکن حالیہ اقدامات سے یہ روایت تبدیل ہوتی نظر آ رہی ہے۔