عمران خان کی سزا پر عوام نے کوئی احتجاج نہیں کیا:عظمیٰ بخاری

عمران خان کی سزا پر عوام نے کوئی احتجاج نہیں کیا:عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی کسی سزا پر عوام نے کوئی احتجاج نہیں کیا، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت عوام کو کچھ دینے میں ناکام رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کے یومِ سیاہ منانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "یہ جماعت ہر وقت یومِ سیاہ ہی منا سکتی ہے، عوام کو فتنہ و فساد کی ضرورت نہیں۔"انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ "گنڈاپور بتائیں کہ ایک سال میں انہوں نے عوام کے لیے کیا کیا؟" ان کا مزید کہنا تھا کہ "صوابی کے جلسے میں سرکاری ملازمین کا بھرپور استعمال کیا جائے گا، اور وہاں زہریلی تقریروں کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔"عظمیٰ بخاری نے الزام لگایا کہ "صوابی میں جلسے کے لیے پی ٹی آئی کے نئے پارٹی صدر نے ٹیکس کا پیسہ مانگ لیا ہے، جبکہ عوام کے حالات بہتر ہو رہے ہیں اور ان کے احتجاج میں کسی کی دلچسپی نہیں رہی۔"

پنجاب میں ترقیاتی منصوبے
انہوں نے کہا کہ "پنجاب کے عوام کی بہتری کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔" وزیرِ اعظم کے دورہ لاہور کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "گزشتہ روز وزیرِاعظم نے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کیا، جہاں عوام نے تقریب کو بھرپور طریقے سے انجوائے کیا۔"

گورنر پنجاب پر تبصرہ
گورنر پنجاب پر تبصرہ کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ "گورنر ہمیشہ ناراض ہی رہتے ہیں، ان کے بارے میں سخت الفاظ نہیں بولنا چاہتی۔"انہوں نے کہا کہ "قوم یومِ ترقی منا رہی ہے، جبکہ پی ٹی آئی یومِ سیاہ منا رہی ہے، کھیل کے میدان آباد ہونے چاہئیں، نہ کہ نفرت کی سیاست کی جائے۔"