لیگی ایم پی اے سونیاعاشر کے خلاف پیکا قانون کے تحت اندراج مقدمہ کی درخواست دائر

 لاہور(آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی سونیا عاشر مبینہ طورپر فیک نیوز پھیلانے پر متنازع پریوینشن آف الیکٹرونک کرائمز ایکٹ(پیکا قانون ) کی زد میں آگئیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کو کریڈٹ دینے کے چکر میں مبینہ طور پر جھوٹی خبر شیئر کردی جس پر پیکا قانون کے تحت اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی ۔ تفصیل کے مطابق پالیمانی سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور سونیا عاشر کے خلاف پیکا قانون کے تحت ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو اندراج مقدمہ کی درخواست جمع کروا دی گئی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ میری نابالغ بیٹی اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنی جسکا مقدمہ تھانہ فیصل ٹائون میں درج ہے ،21جنوری کو عدالت نے ملزموں کی درخواست ضمانت منسوخ کی لیکن سونیا عاشر نے 2فروری کو سوشل میڈیا اکائونٹ پر پوسٹ کی کہ ملزموں کو سزا ہوگئی، ملزموں کو جعلی سزا کا کریڈیٹ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو دیا۔پارلیمانی سیکرٹری کی جانب سے پھیلائی جانے والی یہ خبر مکمل فیک نیوز تھی، جو زیر سماعت مقدمے پر اثر انداز ہوئی ، درخواست کرتی ہوں سونیا عاشر کے خلاف فوری مقدمہ درج کیا جائے ۔متاثرہ بچی کی والدہ نے مقدمہ کیلئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بھی خط بھجوا دیا۔