نورین نیازی کے خلاف پیکا اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج

 ریاست ‘اداروں کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈا  اور سوشل میڈیا کے ذریعے اشتعال انگیز مواد پھیلانے کا الزام 
اسلام آباد(آن لائن)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کے خلاف پیکا اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق نورین نیازی پر ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام میں سراسیمگی پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نورین نیازی نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں پاکستان کی ریاست اور اس کے اداروں بشمول مسلح افواج پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے۔ الزام ہے کہ انہوں نے ریاست پر عوام کا اعتماد متزل کرنے اور ملک میں سراسیمگی پھیلانے کی کوشش کی۔  نورین نیازی نے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے جھوٹا، اشتعال انگیز، توہین آمیز اور دھمکی آمیز مواد پھیلایا۔ ان کا متنازعہ انٹرویو ایکس سابقہ ٹوئٹر کے مختلف اکانٹس پر شیئر اور وائرل بھی کیا گیا۔