چھٹی کی درخواست مسترد ہونے پر ملازم کا ساتھیوں پر چاقو سے حملہ

نئی دہلی (آئی این پی )  بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں ایک سرکاری ملازم نے چھٹی کی درخواست مسترد ہونے پر اپنے چار ساتھیوں کو چاقو کے وار سے زخمی کر دیا۔ بھارتی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ملزم امیت کمار سرکار کولکتہ کے نیو ٹائون علاقے میں کریگاری بھون کے ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت کرتاہے۔ سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ شمالی 24 پرگنہ ضلع کا رہائشی امیت سرکار، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے محکمے میں کام کرتا ہے۔ صبح چھٹی لینے کی بات پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ جھگڑے کے بعد اس نے ان پر چاقو سے حملہ کیا اور پھر فرار ہونے کی کوشش کی۔زخمی ساتھیوں کو علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حکام نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم کو دماغی صحت کے مسائل لاحق ہیں۔