پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز سست روی کا شکار ہیں:طاہر اشرفی

حج انتظامات مکمل کرنے کی 14 فروری آخری تاریخ، پاکستانی کمپنیوں کو اپنا معیار بلند کرنے کی ضرورت ہے
فیصل آباد (آئی این پی)چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فریضہ حج ہماراایک اہم مذہبی موضوع وجزوایمانی ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا جو استطاعت رکھتا ہے اسے چاہیے کہ وہ اللہ کے راستے میں حج کرے، اس سال تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ فرزندان اسلام نے سعودی عرب میں عمرہ ادا کیاجبکہ سعودی حکومت حج اور عمرہ کی خدمات کوبہترین اور معیاری بنارہی ہے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں حج سسٹم سے متعلق ایک آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حج انتظامات مکمل کرنے کی 14 فروری آخری تاریخ ہے لیکن ہمارے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز سست روی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حج کے زیادہ تر معاملات اور اصول وقوانین سعودی حکو مت طے کرتی ہے، ہمیں ہر صورت سعودی وزارت حج کی وضع کردہ پالیسیوں اور سعودی ملکی نظام کے مطابق چلنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ وہ ہر سال حج کا نظام اعلیٰ معیار کا کر رہے ہیں اور نئی پالیسیاں متعارف کروا رہے ہیں تاکہ حجاج کرام کو آسانیاں اور سہولتیں فراہم کی جا سکیں لیکن پاکستانی کمپنیاں ابھی پرانی پالیسیوں اور نظام میں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ انہیں بھی اپنے معیار کو بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے سال حکومت پاکستان نے وزات حج میں کرپشن صفر کر دی تھی۔انہوں نے کہاکہ سب سے بڑا مجرم وہ ہے جو چند ٹکوں کے پیچھے سارے نظام کو تباہ کر دیتا ہے۔اس وقت وزارت کا ایک ہی مشن ہے کہ حج کے موقع پر کرپشن صفر ہو۔سیمینار میں صدر ایف سی سی آئی ریحان نسیم بھراڑہ، سینئر نائب صدرفیصل آباد چیمبر قیصر شمس گچھا، نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ اور سیکر ٹری جنرل محمد ایوب نے خصوصی شرکت کی۔