کراچی(آئی این پی )سندھ ہائیکورٹ نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کر لیے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کی سربراہی میں 2رکنی بنچ کے روبرو پیکا ترمیمی ایکٹ 2025کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس میں درخواستگزار کے وکیل نے موقف پیش کیا کہ درخواست میں پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کی دو شقوں 2 آر اور 26 اے کو چیلنج کیا گیا ہے۔درخواست گزار کے مطابق پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کی شق 2 آر اور 26 اے آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کی خلاف ورزی ہے، پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 میں شامل دفعہ 2 آر مکمل طور پر غیر آئینی ہے اور ملک کے آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق کیخلاف ہے۔چیف جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ پہلے عدالت کو مطمئن کریں کہ یہ دررخواست قابل سماعت ہے یا نہیں۔بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔