قومی ٹیم بھارت کو شکست دےشہبازشریف
امید ہے آپ چیمپئنز ٹرافی جیت کر قوم کو تحفہ دیں گے ہم سب اس ایونٹ میں ٹیم کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں‘ جیت کر آپ نہ صرف پوری قوم کے ہیروز بن جائیں گے بلکہ ہمسائے کو شکست دے کر 24 کرو عوام کے دل جیت لیں گے
محسن نقوی کی عادت ہے جو اچھے کام کرتے ہیں ان کو لندن کی سیر کراتے ہیں ، سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے 2500 افراد نے کام کیا انہیں بھی لندن کی سیر کرائیں گے:سٹیڈیم میں خطاب‘گھریلو صارفین اور صنعتوں کیلئے بجلی سستی کرینگے:اجلاس میں گفتگو
لاہور(سپورٹس رپورٹر‘ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے چیمپئنز ٹرافی میں فتح کے لیے ہم سب قومی ٹیم کے لیے دعاگو ہیں اور ہم سب اس وقت کا انتظار کریں گے جب آپ ہندوستان کو شکست فاش دیں گے۔یہ بات انہوں نے قذافی سٹیڈیم لاہور کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا سٹیڈیم کی تعمیر نو بہترین انداز میں کی گئی، محسن نقوی کی نگرانی میں 117 دنوں میں منصوبہ مکمل کیا گیا جس تیزی سے کام مکمل کیا گیا یہ حسن رفتار ہے، شہباز سپیڈ ماضی کی بات ہے اب میں محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بہترین کرکٹ کھیلنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں امید ہے آپ چیمپئنز ٹرافی جیت کر قوم کو تحفہ دیں گے ہم سب اس ایونٹ میں ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔شہباز شریف نے کہا چیمپئنز ٹرافی جیت کر آپ نہ صرف پوری قوم کے ہیروز بن جائیں گے بلکہ ہمارے ہمسائے کو شکست فاش دے کر آپ 24 کروڑ عوام کے دل جیت لیں گے، ہم سب قومی ٹیم کے لیے دعاگو ہیں اور ہم سب اس وقت کا انتظار کریں گے جب آپ ہندوستان کو شکست فاش دیں گے۔انہوں نے کہا محسن نقوی کی عادت ہے کہ وہ اچھے کام کرتے ہیں ان کو لندن کی سیر کراتے ہیں ، سٹیڈیم کی تعمیر کیلئے 2500 افراد نے کام کیا انہیں بھی لندن کی سیر کرائیں گے‘ بابر اعظم اور محمد رضوان سے بہت سی امیدیں ہیں، یہ ٹرافی اللہ تعالیٰ پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا‘دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو تمام اصلاحات اور منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے گھریلو صارفین اور صنعتوں کے لیے بجلی کے ٹیرف میں مزید کمی لائیں گے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات پر عمل درآمد پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا اور اجلاس کو بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے آئندہ تین برس کے اہداف پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے مثبت ثمرات موصول ہو رہے ہیں، گزشتہ 7 دہائیوں کا بگاڑ بہتر کرنے کے لیے وزارت اور متعلقہ ادارے تعاون سے کام کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں کم لاگت ماحول دوست بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے، آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظر ثانی سے قومی خزانے کو بچت اور صارف کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی واقع ہو رہی ہے