10 ملین ٹن سے زائد ویسٹ جمع کی گئی ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی موثر
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے صوبے میں صفائی کے میگا پروگرام ’ستھرا پنجاب‘ کے پہلے مرحلے کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے مطابق فیز ون کے دوران صوبہ بھر میں جدید ویسٹ مینجمنٹ نظام فعال رہا اور مجموعی طور پر 10 ملین ٹن سے زائد ٹھوس کچرا اکٹھا کیا گیا۔ پنجاب میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کا دائرہ کار 200 سے زائد شہروں تک بڑھا دیا گیا ہے جبکہ دعویٰ کیا گیا کہ 12 کروڑ سے زائد آبادی کو یکساں صفائی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔پروگرام کے تحت ڈیڑھ لاکھ سے زائد صفائی ورکرز کی جیو فینسڈ فیشل اٹینڈنس فعال کی گئی، جب کہ 30 ہزار سے زائد صفائی گاڑیوں کا ٹریکنگ سسٹم م ئوثر رہا۔ صوبے بھر میں 6,600 سے زائد جیو ٹیگڈ ویسٹ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں۔حکومت کے مطابق اے آئی پر مبنی ڈیجیٹل مانیٹرنگ، شہری فیڈبیک سسٹم، اور ستھرا پنجاب ایپ مکمل طور پر فعال رہی۔ صفائی فلیٹ کی مجموعی لاگت 100 ارب روپے سے تجاوز کر گئی جبکہ فی ٹن ویسٹ کلیکشن کی لاگت 8,414 روپے رہی۔صوبے میں فی کس صفائی اخراجات اب تک 1,204 روپے ریکارڈ کیے گئے۔ شہریوں کی شکایات 1139 فیڈبیک ماڈل کے ذریعے بروقت نمٹائی گئیں جبکہ موبائل ایپ پر درج شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔حکومتی رپورٹ کے مطابق صفائی گاڑیاں روزانہ 593 ہزار کلومیٹر سے زائد سفر کرتی رہیں۔ پروگرام کے نتیجے میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے جبکہ ویسٹ ٹو ویلیو منصوبوں سے مستقبل میں 200 ارب روپے سے زائد معاشی فوائد حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔