موٹروے پولیس نے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی

شدید دھند سے شاہراہوں اور موٹروے پر حادثات کے خطرات بڑھ گئے 
 لاہور (خصوصی رپورٹ) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید دھند پڑنے کے پیشِ نظر مسافروں کے لیے تفصیلی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے قومی شاہراہوں اور موٹروے پر حادثات کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ شدید دھند کی صورت میں متعلقہ موٹروے سیکشنز کو مسافروں کی حفاظت کے لیے عارضی طور پر بند بھی کیا جا سکتا ہے۔مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 8 بجے کے درمیان ہی سفر مکمل کریں اور رات کے وقت غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔ ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، وائپرز درست حالت میں رکھیں، اگلی گاڑی سے معمول سے زیادہ فاصلہ رکھیں اور ہائی بیم لائٹس کا استعمال ہرگز نہ کریں کیونکہ اس سے حدِ نگاہ مزید کم ہو جاتی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ مسافر سفر شروع کرنے سے قبل تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 130، ایف ایم 95 ریڈیو اور سوشل میڈیا استعمال کریں۔ موٹروے پولیس کی ٹیمیں 24 گھنٹے چوکس ہیں اور عوام کی جانیں اور مال محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں