استاد راحت فتح علی خان آج اپنی 51 ویں سالگرہ منارہے ہیں

استاد راحت فتح علی خان آج اپنی 51 ویں سالگرہ منارہے ہیں

استاد راحت فتح علی خان، جنہیں ’’سروں کے سلطان‘‘ اور پاکستان کے موسیقی کے سفیر کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، آج اپنی 51 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

 وہ دنیا بھر میں اپنی منفرد آواز، صوفیانہ سنگیت اور روح پرور انداز کے سبب مقبول ہیں۔راحت فتح علی خان کا تعلق فیصل آباد کے معروف قوال خاندان سے ہے۔ وہ 9 دسمبر 1974 کو اس خاندان میں پیدا ہوئے، جو استاد نصرت فتح علی خان کے بھتیجے اور فرخ فتح علی خان کے بیٹے ہیں۔ بچپن ہی سے قوالی، کلاسیکی موسیقی اور سر کے رموز سیکھتے ہوئے انہوں نے وہ مقام حاصل کیا ہے جہاں صرف بڑے فنکار ہی پہنچ پاتے ہیں۔کم عمر میں اسٹیج پر قدم رکھنے والے راحت فتح علی خان نے اپنی دلکش اور دل کو چھو لینے والی آواز سے دنیا بھر کے سامعین کے دل جیت لیے۔ ان کی آواز نے قوالی، غزل، فلمی گیت اور ملی نغموں کو نئی زندگی دی، اور آج ان کے گیت پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی فلموں کے لیے بھی سپر ہٹ گیت گائے ہیں، اور پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں بھی ان کی آواز کی شناخت قائم ہے۔

راحت فتح علی خان کے ملی نغمے حب الوطنی اور اتحاد کی علامت بن چکے ہیں۔ فنونِ لطیفہ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس، آئیفا ایوارڈ سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ 2019 میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے انہیں موسیقی کے شعبے میں اعزازی پی ایچ ڈی بھی دی۔آج بھی وہ دنیا بھر میں کنسرٹس، روحانی محفلوں اور عالمی ایونٹس کے ذریعے پاکستان کا فخر اور پہچان روشن کر رہے ہیں۔ استاد راحت فتح علی خان کی یہ سالگرہ ان کے شاندار فنی سفر کی یاد تازہ کرتی ہے، اور ان کی محنت و خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔