لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور سٹی ٹریفک پولیس کے زیرِ اہتمام نئے سال کے آغاز پر بھاگ میرے لاہور کے سلوگن کے تحت شہر میں پہلی مرتبہ میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیایہ ایونٹ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (CBD) میں منعقد ہوا جس میں 600 سے زائد شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے بطور مہمانِ خصوصی میراتھن میں شرکت کی اور خود 5 کلومیٹر کا ٹریک رن کر کے ریس کا افتتاح کیا میراتھن میں شرکاء کے لیے 5 کلومیٹر، 10 کلومیٹر اور 20 کلومیٹر کی تین مختلف کیٹگریز رکھی گئیں، جن میں ہر عمر کے خواتین، مردوں اور بچوں نے رجسٹریشن کروائی۔ایونٹ کو کامیاب اور یادگار بنانے کے لیے شرکاء نے کئی دن پہلے سے بھرپور تیاری کر رکھی تھی۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ میراتھن کا بنیادی مقصد شہر لاہور کو صحت مند اور مثبت سرگرمی فراہم کرنا ہے تاکہ شہری ایک بھرپور اور متحرک زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کریٹیکل ماس لاہور، CBD اور دیگر معاون اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مشترکہ کاوشوں کے بغیر اس میراتھن کا انعقاد ممکن نہ تھا سی ٹی او لاہورڈاکٹر اطہر وحید نے مزید کہا کہ آج کے مشینی دور میں انسان جسمانی مشقت اور ورزش سے دور ہوتا جا رہا ہے، ایسے ایونٹس صحت مند طرزِ زندگی کی طرف اہم قدم ہیں۔اس میراتھن کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ صحت مند زندگی ہی اصل میں بھرپور زندگی ہے۔ انہوں نے لاہور کے شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہور کی خواتین، مردوں اور بچوں نے ثابت کر دیا کہ وہ واقعی زندہ دلانِ لاہور ہیں۔