بچوں کی پہلی ذمہ داری والدین کی عزت اور خدمت ہے:حنیف عباسی

والدین کی محنت، دعائیں اور قربانیاں بچوں کی کامیابی کا راستہ بناتی ہیں:وزیر ریلوے
 اساتذہ قوم کے روشن چراغ ، نئی نسل کی فکری و اخلاقی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)نجی سکول میں سالانہ پیرنٹس ڈے کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں معزز مہمانانِ گرامی، اساتذہ، والدین اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجی سکول نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ بچوں کی شخصیت اور کردار سازی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی محنت پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔انہوں نے والدین کو قوم کے حقیقی معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ:‘‘والدین کی محنت، دعائیں اور قربانیاں بچوں کی کامیابی کا راستہ بناتی ہیں۔ بچوں کی پہلی ذمہ داری اپنے والدین کی عزت، ادب اور خدمت ہے۔’’وزیر موصوف نے علامہ اقبالؒ کے اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کامیابی کے پیچھے والدین، اساتذہ اور اداروں کی مشترکہ محنت شامل ہوتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو قوم کے روشن چراغ قرار دیا جو نئی نسل کی فکری و اخلاقی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔پیارے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے نے کہا:‘‘آپ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ بڑے خواب دیکھیں، محنت کریں اور اپنے ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔’’وزیرِ ریلوے نے ملک کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج بین الاقوامی سطح پر ایک باوقار اور مستحکم ملک کے طور پر ابھر رہا ہے، جو موجودہ قیادت کی کامیاب خارجہ پالیسی اور موثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔محمد حنیف عباسی نے ریلوے کے جاری اصلاحاتی سفر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ: ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی اور جدید کاری، جدید ٹریکنگ اور بْکنگ سسٹم، اسٹیشنوں کی بحالی اور جدید سہولیات، ریلوے کی مالی بہتری کے لیے خود کفیل منصوبے اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے پروگرام پر دن رات کام تیزی سے جاری ہے، تاکہ پاکستان ریلوے کو ایک جدید، مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنایا جا سکے۔وزیر موصوف نے بتایا کہ ریلوے ملازمین کے بچوں کے لیے بھی معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے ریلوے اسکولز کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کے تحت جدید تدریسی نظام، سائنسی و کمپیوٹر لیبز، معیاری کھیلوں کی سہولیات اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا، تاکہ ملازمین کے بچے بھی بہترین مستقبل حاصل کر سکیں۔تقریب کے اختتام پر وزیرِ ریلوے نینجی سکول کی چیف ایگزیکٹو محترمہ ریحانہ جہانگیر، اساتذہ، والدین اور طلبہ کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی اور ادارے کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔آخر میں وزیرِ ریلوے نے وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور استحکام کی دعا کی۔