پی ٹی آئی کے 2رہنمائوں کو بیرون ملک جانے کی کوشش پر روکا گیا ،ملک کو دا ئو پر لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اسمبلی میں پی ٹی آئی کے لوگ ہم سے بات کرنا چاہتے ہیں
نوازشریف کبھی ایک حد سے آگے نہیں گئے، میں نے شاہد خاقان کیخلاف بات کی تو نوازشریف نے کہا ان کیخلاف بات نہ کریں، نوازشریف نے کبھی غلط الزامات نہیں لگائے،گفتگو
اسلام آبا(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ کہیں کہ وہ بانی کے بیانیے کے ساتھ نہیں تو ان سے بات ہو سکتی ہے،پی ٹی آئی کے 2 رہنمائوں کو بیرون ملک جانے کی کوشش پر روکا گیا ہے ،ملک کو دا ئو پر لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اسمبلی میں موجود پی ٹی آئی کے لوگ ہم سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے انٹرویو میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ان دونوں رہنمائوں کے نام نوفلائی لسٹ میں تھے، جس نے ریاست کیخلاف بیانیہ بنانے کی کوشش کی انکی ملاقات بھی بند ہے، جن لوگوں نے جیل سے نکل کر سیاسی گفتگو کی ان کی ملاقات بند ہے۔انھوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بالکل درست باتیں کیں، ان کی توثیق کرتے ہیں، عظمی خان نے خلاف ورزی نہیں کی تھی، انھوں نے بھی خلاف ورزی کرلی، اڈیالہ کے باہر اب مجمع لگانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔مسلم لیگ ن کے وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اب آئے تو قانون کے مطابق نمٹا جائیگا، وزیراعلی خیبر پختونخوا ہمارے لئے لائق احترام ہیں۔ وزیراعلی کے پی کو اڈیالہ کے باہر انتظار کرنے کا مینڈیٹ نہیں ملا، وزیراعلی کا مینڈیٹ ہے امن وامان کی صورتحال پر توجہ دیں۔انھوں نے کہا کہ ٹک ٹاک بنائیں اور اڈیالہ کے باہر کھڑے ہوں یہ مینڈیٹ کی توہین ہے، بانی کی بہنوں کی ملاقات اس لئے کرائی گئی کہ وہ ٹویٹ نہیں کرائیں گی اور سیاست کریں،ملک کو دا ئو پر مت لگائیں، ملک کو دا ئو پر لگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اسمبلی میں موجود پی ٹی آئی کے لوگ ہم سے بات کرنا چاہتے ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ وقت کے ساتھ پی ٹی آئی کے رویے میں بہتری آئی تو ملاقاتیں ہوسکتی ہیں۔ اگر پی ٹی آئی والے کہیں کہ وہ بانی تحریک انصاف عمران خان کے بنانیے کے ساتھ نہیں تو ان سے بات ہو سکتی ہے۔ جب تک پی ٹی آئی ملکی سالمیت کے خلاف بیانیہ ترک نہیں کرتی کوئی بات نہیں ہوسکتی، ہم نے تحریک انصاف کو بات چیت کا بہت موقع دیا۔وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ نوازشریف کبھی ایک حد سے آگے نہیں گئے، میں نے شاہد خاقان کیخلاف بات کی تو نوازشریف نے کہا ان کیخلاف بات نہ کریں، نوازشریف نے کبھی غلط الزامات نہیں لگائے۔