آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس، پاکستان کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی منظوری پر غور

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 14 اکتوبر کو اسٹاف لیول معاہدہ ہوا تھا، پاکستان ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر قرض کی قسط کیلئے تمام شرائط پوری کر چکا
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر قسط کی منظوری کیلئے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج (پیر کو) منعقد ہوگا۔اجلاس کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ آئی ایم ایف کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان کو 8 دسمبر 2025 کے ایگزیکٹو بورڈ ایجنڈے میں شامل کیا ہے، ایگزیکٹو بورڈ اگلی 1.2 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری پر غور کرے گا، جو ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف ) کے دوسرے جائزے اور ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی (آر ایس ایف )  کے پہلے جائزے کا احاطہ کرے گی۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 14 اکتوبر کو اسٹاف لیول معاہدہ ہوا تھا، پاکستان ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر قرض کی قسط کیلئے تمام شرائط پوری کر چکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف قرض پروگرام کے تحت 1 ارب ڈالر ملیں گے، کلائمیٹ فنانسنگ کی مد میں پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر جاری کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی شرط تھی کہ بورڈ اجلاس سے پہلے کرپشن اینڈ گورننس ڈایئگناسٹک رپورٹ جاری کرے، پاکستان نے کرپشن اینڈ گورننس ڈایئگناسٹک رپورٹ جاری کر دی ہے۔