خطے میں موجود غیر ملکی افواج واپس جائیں:مشیر ایرانی سپریم لیڈر

خطے میں موجود غیر ملکی افواج واپس جائیں:مشیر ایرانی سپریم لیڈر

ایرانی سپریم لیڈر کے بین الاقوامی امور کے مشیر علی اکبر ولایتی نے خطے میں موجود غیر ملکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی ممالک باہمی تعاون کے ذریعے اپنی سلامتی یقینی بنا سکتے ہیں۔

علی اکبر ولایتی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں ایرانی مسلح افواج کی کارکردگی اور ایرانی عوام کی ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے مزاحمتی محور سے وابستہ گروہوں کی مزاحمت اور کارروائیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ایرانی رہنما کے مشیر کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی مبینہ شکست نے اس مؤقف کو مزید تقویت دی ہے کہ خطے میں عدم تحفظ کا باعث بننے والی غیر ملکی افواج کو یہاں سے چلے جانا چاہیے۔علی اکبر ولایتی نے مؤقف اختیار کیا کہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو اپنی سلامتی کے لیے بیرونی طاقتوں پر انحصار کرنے کے بجائے باہمی تعاون اور علاقائی شراکت داری کو فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک اگر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں اضافہ کریں تو علاقائی سلامتی اور استحکام کو بہتر انداز میں یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث خطے میں سیکیورٹی صورتحال مسلسل عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ایران طویل عرصے سے خطے میں امریکی فوجی موجودگی کی مخالفت کرتا رہا ہے اور تہران کا مؤقف ہے کہ علاقائی ممالک کو اپنے سیکیورٹی معاملات خود طے کرنے چاہئیں۔