اپنے بچوں کو کھو کر دنیا تباہ کرنے والی ’دی ایونجرز‘ کی اسکارلٹ وچ ماں بن گئیں

اپنے بچوں کو کھو کر دنیا تباہ کرنے والی ’دی ایونجرز‘ کی اسکارلٹ وچ ماں بن گئیں

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ الزبتھ اولسن کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

 37 سالہ اداکارہ اور ان کے شوہر رابی آرنیٹ نے والدین بننے کا اعزاز حاصل کرلیا، تاہم دونوں نے نومولود سے متعلق تفصیلات کو تاحال نجی رکھا ہوا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق الزبتھ اولسن نے بچے کی پیدائش کے حوالے سے خود کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ بچے کی جنس، نام اور پیدائش کی تاریخ سمیت دیگر تفصیلات بھی سامنے نہیں آئی ہیں۔الزبتھ اولسن کو عالمی سطح پر مارول سنیماٹک یونیورس کی فلموں اور سیریز میں وانڈا میکسموف، یعنی اسکارلٹ وچ کے کردار سے شہرت ملی۔ انہوں نے ’دی ایونجرز‘ سمیت مارول کی متعدد کامیاب پروڈکشنز میں اہم کردار ادا کیا۔اداکارہ کے کردار کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا، خاص طور پر ’وانڈا وژن‘ میں ان کی اداکاری کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ اس کردار میں وہ اپنے خیالی بچوں کی موت کے بعد شدید جذباتی صدمے سے گزرتی ہیں اور اپنی طاقتوں کے ذریعے حالات کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔الزبتھ اولسن کی جانب سے بچے کی پیدائش کی خبر کی باضابطہ تصدیق نہ کیے جانے کے باوجود سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مداحوں نے اداکارہ اور ان کے شوہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی نجی زندگی کے احترام پر بھی زور دیا۔

کئی صارفین نے کہا کہ چونکہ اداکارہ نے خود بچے سے متعلق کوئی تفصیل شیئر نہیں کی، اس لیے ان کے ذاتی معاملات میں غیر ضروری مداخلت سے گریز کیا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ الزبتھ اولسن اور رابی آرنیٹ نے کورونا وبا کے آغاز کے دوران شادی کی تھی۔ دونوں نے عمومی طور پر اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھا ہے۔نومولود کی آمد کے ساتھ ہی الزبتھ اولسن اور رابی آرنیٹ کی زندگی میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ مداح ان کے لیے خوشیوں اور صحت مند مستقبل کی دعائیں کر رہے ہیں۔