مارول اسٹوڈیوز کی آنے والی فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کے ٹیزرز اور پروموشنل ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے، تاہم فلم کے حوالے سے ایک نئی فین تھیوری نے مداحوں کے درمیان بحث چھیڑ دی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ ٹریلرز میں نظر آنے والا ولن ڈاکٹر ڈوم دراصل رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کے بجائے معروف اداکار سیلین مرفی ہو سکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق فلم کے فائنل ٹریلر کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 500 ملین سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ ٹریلر کی مقبولیت کے ساتھ ہی مداحوں نے اس میں دکھائے جانے والے کرداروں اور مناظر کا باریک بینی سے جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔اسی دوران بعض صارفین نے ڈاکٹر ڈوم کے کردار کی آنکھوں اور اندازِ نگاہ پر توجہ دیتے ہوئے ان کی مماثلت اداکار سیلین مرفی سے ظاہر کی ہے۔ مداحوں کا خیال ہے کہ ٹریلر میں دکھائی دینے والی آنکھیں اور کردار کا انداز رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کے بجائے سیلین مرفی سے زیادہ مشابہت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ مارول اسٹوڈیوز پہلے ہی ڈاکٹر ڈوم کے کردار کے لیے ہالی ووڈ اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی کاسٹنگ کا اعلان کر چکا ہے۔ اس اعلان کے بعد سے شائقین فلم میں ان کی واپسی اور نئے کردار کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔تاہم سیلین مرفی سے متعلق اس نئی فین تھیوری نے مداحوں کے تجسس میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بعض صارفین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ آیا مارول اسٹوڈیوز کسی بڑے سرپرائز کی تیاری کر رہا ہے یا یہ محض ٹریلر کے مناظر کی بنیاد پر مداحوں کا قیاس ہے۔