سعودی وزیر کا پاکستان اور ترکیہ کے ساتھ دفاعی معاہدے پر بیان

سعودی وزیر کا پاکستان اور ترکیہ کے ساتھ دفاعی معاہدے پر بیان

سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے تینوں ممالک کے امن، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے اہم سنگ میل قرار دے دیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد، صدرِ ترکیہ اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے مشترکہ مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہیں۔شہزادہ فیصل بن فرحان کے مطابق یہ معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو خطے کی سلامتی اور استحکام کو متاثر کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے تینوں ممالک کے مشترکہ سیاسی عزم کا اظہار ہے اور اس کا مقصد زیادہ محفوظ علاقائی ماحول کی حمایت کرنا ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ ایک محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرے گا، جس کے نتیجے میں خطے میں ترقی، خوشحالی اور اقتصادی مواقع کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔