انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کے بعد ترکیہ میں معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر اردوان کی منظوری کے بعد معاہدے کو ترکیہ میں حتمی قانونی توثیق حاصل ہوگئی ہے۔ اس سے قبل ترکیہ کی پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کی تھی۔رپورٹ کے مطابق ترکیہ کی جانب سے سعودی عرب میں اپنی فوج تعینات کرنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں ایک قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ رواں سال اگست میں طے پایا تھا۔ تینوں ممالک خطے میں اہم دفاعی اور اسٹریٹجک حیثیت رکھتے ہیں۔ ترکیہ نیٹو کی دوسری بڑی فوجی قوت ہے، پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت جبکہ سعودی عرب دنیا کے بڑے تیل برآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔دوسری جانب مکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا اجلاس بھی کچھ دیر بعد باضابطہ طور پر شروع ہوگا، جس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، سعودی وزیر دفاع اور ملٹری چیف شریک ہوں گے، جبکہ ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاکان فدان، وزیر دفاع اور ملٹری چیف کی شرکت متوقع ہے۔پاکستان کی نمائندگی فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف کریں گے۔ اجلاس کے موقع پر تینوں ممالک کے وفود کے درمیان اہم امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ سائیڈ لائنز پر دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ذرائع کے مطابق ترک اور سعودی وفود کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی تعلقات، دفاعی تعاون اور مشترکہ مفادات سے متعلق امور زیرِ بحث آسکتے ہیں۔