راولپنڈی میں شادی کا جھانسہ دے کر بنکاک سے پاکستان لائی گئی خاتون سے مبینہ طور پر زبردستی زیادتی اور تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ تھانہ روات میں متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کی تقریباً دو سال قبل بنکاک میں عامر سہیل نامی شخص سے ملاقات اور دوستی ہوئی تھی۔ ملزم نے اسے پاکستان آکر شادی کرنے کا یقین دلایا۔خاتون کے مطابق تقریباً چار ماہ قبل ملزم نے بحریہ ٹاؤن میں کرائے پر فلیٹ حاصل کیا، جہاں دونوں رہائش پذیر تھے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس دوران ملزم نے متعدد مرتبہ زبردستی زیادتی کی اور شادی کے مطالبے پر ٹال مٹول سے کام لیتا رہا۔متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ ملزم اسے فلیٹ سے باہر جانے کی اجازت نہیں دیتا تھا، جبکہ واقعے کے روز اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ خاتون کے مطابق وہ مشکل سے فلیٹ سے فرار ہوکر ڈاکٹر کے پاس پہنچی۔
ایف آئی آر میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم جاتے ہوئے خاتون کے پیسے بھی اپنے ساتھ لے گیا۔مقدمہ درج ہونے کے بعد کیس کی تفتیش اسپیشل سیکچوئل انویسٹی گیشن یونٹ (SSIO) کے حوالے کردی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔