جیمز بانڈ کے اگلے کردار کے لیے نئے اداکار کا انتخاب گزشتہ کئی برسوں سے مداحوں اور فلمی دنیا میں زیرِ بحث ہے، تاہم اب ایمیزون ایم جی ایم کی جانب سے نئے 007 کی تلاش آخری مرحلے میں پہنچتی دکھائی دے رہی ہے۔
فلم کی پروڈیوسر ایمی پاسکل نے ’ڈیڈ لائن‘ کو بتایا ہے کہ 2026 کے اختتام سے قبل نئے جیمز بانڈ کے نام کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔رپورٹس کے مطابق رواں ماہ اداکاروں کے آڈیشنز کا ایک اور مرحلہ متوقع ہے، جبکہ نئی فلم کے ہدایتکار ڈینس ویلینیو کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے کہ وہ بعض امیدوار اداکاروں سے براہِ راست رابطے میں ہیں۔
نئے جیمز بانڈ کے لیے کیا خصوصیات درکار ہیں؟
پروڈیوسر ایمی پاسکل کے مطابق ڈینیئل کریگ کے بعد جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا، اس لیے نئے اداکار میں کچھ نیا، منفرد اور دلچسپ پیش کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس مرتبہ نئے جیمز بانڈ کے لیے نسبتاً کم معروف برطانوی یا آئرش اداکاروں پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ امیدواروں کی عمر ممکنہ طور پر 20 یا 30 کی دہائی میں ہونے کو ترجیح دی جارہی ہے۔نئے اداکار کے انتخاب کا مقصد ایسا چہرہ سامنے لانا ہے جو جیمز بانڈ کے کردار کو نئی نسل کے لیے تازہ انداز میں پیش کرسکے اور طویل عرصے تک اس مشہور کردار کو نبھانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
نئی جیمز بانڈ فلم مکمل ری بوٹ ہوگی
نئی جیمز بانڈ فلم فرنچائز کا مکمل ری بوٹ ہوگی اور اس کا تعلق ڈینیئل کریگ کی سابقہ فلموں کی کہانی سے نہیں ہوگا۔ اس کا مطلب ہے کہ نئے اداکار کے ساتھ جیمز بانڈ کی کہانی کو ایک نئے انداز اور نئی سمت سے شروع کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ 2027 میں شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ نئے 007 کے انتخاب کے بعد فلم کی تیاری کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔ڈینیئل کریگ نے 2021 میں فلم ’No Time to Die‘ کے بعد جیمز بانڈ کا کردار چھوڑ دیا تھا، جس کے بعد سے شائقین مسلسل یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ دنیا کے مشہور ترین جاسوس کا کردار اب کون سا اداکار نبھائے گا۔