لاہور میں موٹر سائیکلوں پر سائیڈ ویو مررز لازمی قرار

ٹریفک پولیس کی آگاہی مہم، ہیلمٹ اور لین ڈسپلن پر عملدرآمد کی بھی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے سائیڈ ویو مررز کے استعمال کو لازمی قرار دینے کے لیے خصوصی آگاہی مہم شروع کر دی۔ سی ٹی او لاہور نے تمام سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو سائیڈ ویو مررز، ہیلمٹ کے استعمال اور لین ڈسپلن کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور میں 82 لاکھ رجسٹرڈ گاڑیوں میں 61 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلیں شامل ہیں، جبکہ ٹریفک حادثات میں تقریباً 70 فیصد جانی نقصان بلاواسطہ یا بالواسطہ موٹر سائیکل سواروں کا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائیڈ ویو مررز لین تبدیل کرتے وقت پیچھے آنے والی ٹریفک پر نظر رکھنے میں مدد دیتے ہیں اور محفوظ سفر کے لیے ان کا استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل بنانے والی کمپنیوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں ڈیٹیچ ایبل سائیڈ ویو مررز متعارف کرانے کی سفارش کی ہے تاکہ مرر ٹوٹنے کی صورت میں صرف شیشہ تبدیل کرنا پڑے، مکمل راڈ نہیں۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ہی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہے اور محفوظ موٹر سائیکل سواری کے لیے ہیلمٹ، لین ڈسپلن اور سائیڈ ویو مررز کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے۔