وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی اور ترک قیادت کے ساتھ مل کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا :وزیراعلی کا بیان
مون سون کے بعد خستہ حال عمارتوں کا سروے کرایا جائے، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیزون کی جلد تکمیل کی جائے:اجلاس میں ہدایات
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ قرار دیا ہے۔مریم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، صدر رجب طیب اردوان اور سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مسلم دنیا کے اتحاد کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ آج مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ مسلم دنیا متحد ہے، مکہ مکرمہ کی چھائوں تلے تین بڑی معاشی، عسکری اور سیاسی طاقتوں کا یکجا ہونا پوری امت کے لیے خوشخبری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی معاہدہ عالم اسلام میں ایک نئے باب کا آغاز ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی اور ترک قیادت کے ساتھ مل کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے‘دریں اثناء مریم نواز شریف نے مون سون سیزن کے فورا بعد پنجاب کے ہر شہر میں خستہ حال عمارتوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام(پی ڈی پی)فیز ون کی جلد تکمیل کا حکم دے دیا۔وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وہاڑی، بورے والا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیروالا، چک جھمرہ، بھلوال، اٹک، کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، ڈسکہ، لیہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر اور میلسی سمیت مختلف شہروں کے پی ڈی پی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا