خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10دہشت گردہلاک

راولپنڈی(آئی این پی )خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 10 خوارج  ہلاک کردئیے گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اگست کو خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیاں کیں، پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے ضلع اعظم ورسک کے علاقے میں کی گئی۔  فتنہ الخوارج کے ایک گروہ نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جس کے جواب میں پاک فوج کی موثر کارروائی میں 8 خوارج مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی میں ضلع دیر میں 2 خوارج ہلاک کیے گئے،دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں کامیاب کارروائیوں اور 10 خوارج ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے، بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔