بیجنگ: چین نے غزہ پر فوجی کنٹرول کے اسرائیلی منصوبے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے خطرناک اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ بیجنگ کو اسرائیل کے اس منصوبے پر سنگین تحفظات ہیں، کیونکہ یہ نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ خطے میں مزید کشیدگی کو ہوا دے گا۔ترجمان نے زور دیا کہ غزہ فلسطینی عوام کا ہے اور یہ فلسطینی سرزمین کا ایک لازم و ملزوم حصہ ہے، جس پر کسی بھی قسم کا فوجی قبضہ قابل قبول نہیں۔چین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اپنے خطرناک اقدامات بند کرے اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دو ریاستی حل کے اصولوں کی پاسداری کرے۔ترجمان کے مطابق، چین فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی برادری سے بھی اپیل کرتا ہے کہ وہ غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔