ناکوں کی نگرانی ، ڈی ایس پیز کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں

ایس پی موبائلز کی زیر صدارت اجلاس، سکیورٹی اور کارکردگی امور زیر بحث آئے
لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی موبائلز ارسلان زاہد نے ناکہ جات کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں تمام سپروائزری آفیسرز اور ناکہ انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکیورٹی اور کارکردگی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ ترجمان موبائلز اسکواڈ کے مطابق لاہور کے تمام ناکہ جات پر موجود سہولیات اور گیجٹس کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی ایس پیز نے داخلی و خارجی راستوں کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ ایس پی موبائلز ارسلان زاہد نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کی جائے۔ سپروائزری افسران کو ہدایت کی گئی کہ ناکوں پر اپنی موجودگی یقینی بنائیں، اہلکاروں کو بریفنگ خود دیں اور تمام سکیورٹی اقدامات مکمل کیے جائیں۔ ناکہ جات پر کیمروں سے مانیٹرنگ، باڈی کیم کی افادیت پر بریفنگ دی گئی۔ چیکنگ کی تمام ریکارڈنگ محفوظ بنانے اور شہریوں کی آمد و رفت میں بلاوجہ رکاوٹ نہ ڈالنے کی ہدایت دی گئی۔ سیاہ شیشوں والی گاڑیوں، اسلحہ، منشیات اور اشتہاریوں پر خصوصی فوکس رکھنے کا حکم دیا گیا۔ ایس پی موبائلز نے خبردار کیا کہ غفلت یا لاپروائی پر سخت پوچھ گچھ ہوگی۔