ٹریفک پولیس ی چالان کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف بھی کارروائی کرے گی
لاہور(کرائم رپورٹر) ٹریفک پولیس نے اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری ہونے والے ای چالان کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ سیف سٹی اتھارٹی، ٹریفک پولیس اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کا ڈیٹا باہم مربوط کر دیا گیا ہے تاکہ گاڑی مالکان کی مکمل تفصیلات فوری دستیاب ہوں۔ سی ٹی او لاہور اطہر وحید کے مطابق اب ٹریفک وارڈن گاڑی کے چیسز نمبر کی بجائے صرف نمبر پلیٹ کے ذریعے ہی تمام تفصیلات حاصل کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے ٹریفک وارڈنز کو ایک نئی ایپ مہیا کر دی گئی ہے جس کے ذریعے وہ نہ صرف ای چالان جاری کریں گے بلکہ ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی پر بھی کارروائی عمل میں لائیں گے۔ سی ٹی او اطہر وحید نے ٹریفک پولیس کو اس حوالے سے نئے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کار سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے، جبکہ موٹر سائیکل سوار فی الحال اس مہم سے مستثنیٰ ہوں گے۔