وزیراعظم کی ہدایت پر پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی

وزیراعظم کی ہدایت پر پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے معاملے پر رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ہاکی کی بین الاقوامی لیگ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے رانا ثنا اللہ کی قیادت میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس معاملے کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی سفارشات کی بنیاد پر پاکستان ہاکی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کا حتمی فیصلہ کرے گی۔اس حوالے سے کمیٹی کا اجلاس 11 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔ کمیٹی میں سیکریٹری آئی پی سی، سیکریٹری خزانہ، ہاکی فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کا نمائندہ بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے انکار کے بعد، فدراسیون انٹرنیشنل دی ہاکی (ایف آئی ایچ) نے پاکستان کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لئے باضابطہ طور پر مدعو کیا تھا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس پروجیکٹ کے لیے 35 کروڑ روپے کی گرانٹ کی درخواست دی ہے، جس کا مقصد قومی ٹیم کے سفر، رہائش، ڈیلی الاؤنسز سمیت دیگر ضروری اخراجات پورے کرنا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا مجاہد کا کہنا ہے کہ اس میگا ایونٹ کے انعقاد سے ملک میں ہاکی کو مزید فروغ ملے گا اور ہاکی کا ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ہاکی کو گراس روٹ سطح پر فروغ دیا جائے گا۔