ویب ڈیسک: دانتوں کے فلاس کے ذریعے بغیر انجیکشن کے ویکسین لگانے کا نیا تصور سامنے آیا
نارتھ کیرولینا اسٹیٹ یونیورسٹی میں حال ہی میں ہونے والی تحقیق میں، پروفیسر ہرویندر سنگھ گل کی قیادت میں، دانتوں کے فلاس کا استعمال کرتے ہوئے ویکسین دینے کا ایک دلچسپ اور جدید طریقہ پیش کیا گیا ہے۔ اس تحقیق کا مقصد سوئی چبھونے کے خوف کو کم کرنا اور ویکسینیشن کے عمل کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔تحقیق کے دوران، محققین نے چوہوں پر تجربات کیے جن میں ویکسین کو دانتوں کے فلاس پر لگا کر آہستہ آہستہ مسوڑھوں اور دانتوں کے درمیان لگایا گیا۔ اس طریقہ سے چوہوں کے ناک، گلے اور پھیپھڑوں پر ویکسین کے اثرات واضح طور پر دیکھنے میں آئے۔ ہرویندر سنگھ گل کا کہنا ہے کہ جسم کی وہ جگہیں جن میں نم رہنے کا رجحان ہوتا ہے، خاص طور پر اہم ہیں کیونکہ یہی جگہیں وائرس جیسے انفلوئنزا اور کورونا وائرس کے داخل ہونے کا راستہ ہوتی ہیں۔
محققین نے اس نئے طریقہ کو روایتی انجیکشن یا قطرہ ویکسین کے مقابلے میں زیادہ مؤثر پایا ہے۔ تاہم، یہ تجربات ابھی صرف چوہوں پر کیے گئے ہیں اور انسانوں پر اس کے استعمال کے لیے مزید آزمائش اور کلینیکل ٹرائلز کی ضرورت ہے۔ اس طریقہ کار کے کامیابی کے بعد، ویکسینیشن کا عمل زیادہ آسان اور کم تکلیف دہ ہو سکتا ہے۔