مئی میں انسولین اور کینسر کی ادویات کی جنگی حالات کی وجہ سے قلت تھی
اسلام آباد (یواین پی) پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم نے کہا ہے کہ میڈیسن کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا،شوگر اور کینسر کی ملک میں ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے،ہر جولائی میں نرخ بڑھانے کی قانونی اجازت ہے۔ ڈاکٹر شرمیلا فاروقی اور دیگر کے زندگی بچانے والی ادویات بشمول انسولین اور کینسر ادویات کی خطرناک حد تک کمی اور ان کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں ڈاکٹر نیلسن عظیم نے بتایا کہ ریگولیٹ کرنے کا اختیار ڈریپ کے پاس ہے،یہ وفاق کی منظوری سے ادویات کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے۔ملک میں مئی2025 میں کچھ انسولین اور کینسر کی ادویات کی جنگی حالات کی وجہ سے قلت تھی تاہم اب ایسا نہیں اور کہیں بھی ان ادویات کی قلت نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ ادویات ایک خاص ٹمپریچر میں رکھی جاتی ہیں اور یہ ہر میڈیکل سٹور میں دستیاب نہیں ہوتیں۔شرمیلا فاروقی نے سوال اٹھایا کہ شماریات بیورو کے اعداد وشمار کے مطابق 17.5 فیصد سالانہ اضافہ ہوا ہے۔دیہی علاقوں میں 15 فیصد قیمتیں بڑھی ہیں۔اس کے جواب میں ڈاکٹر نیلسن عظیم نے بتایا کہ انسولین مقامی سطح پر بھی بن رہی ہے۔خورشید جونیجو کے سوال کے جواب میں نیلسن عظیم نے بتایا کہ قلت کی شکایت ڈریپ کی ویب سائٹ پر کی جاتی ہیں تاہم کہیں سے کسی نے یہ شکایت نہیں کی۔ان دو ادویات کے علاؤہ 18 شکایات موصول ہوئی جو نمٹادی گئی ہیں۔رفیع اللہ کے روش کی جانب سے مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے سوال کے جواب میں نیلسن عظیم نے بتایا کہ روش کے ساتھ معاہدہ ہورہا تھا جس میں 27 فیصد حکومت نے دینا تھا باقی روش دیتی۔وزیر اعظم کی دلچسپی سے ہم مسئلہ حل ہوگیا ہے