ہمارے ارکان کو کروڑوں کی پیشکش ہوئی، مگر ہم نے انکار کیا، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے
کیسز ختم کرانے اور مراعات لینے والوں سے ہمارا راستہ الگ ہے، الیکشن چرائے گئے، ہم نے پھر بھی ہار نہیں مانی:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )چیئرمین پاکستان پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے ہمارے ارکان کو کروڑوں کی پیشکش ہوئی، مگر ہم نے انکار کیا۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سب کچھ قربان کیا، لیکن کمپرومائز نہیں کیا، جن کے بچے، گھر، کاروبار سب متاثر ہوئے، وہ آج بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کیسز ختم کرانے اور مراعات لینے والوں سے ہمارا راستہ الگ ہے، پارلیمنٹ کا میدان خالی نہیں چھوڑا، الیکشن ہم سے چرائے گئے، مگر ہم نے پھر بھی ہار نہیں مانی۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ضرور ملاقات کروں گا، ہم نے مشکل راستہ چنا، آسان آپشنز کو رد کیا ہے۔ تحریک انصاف پارلیمنٹ کا حصہ رہے گی تاہم آنے والے ضمنی الیکشن سے متعلق پہلے عمران خان کے ساتھ بات کریں گے، عمران خان سے ملاقات ہو گی تو ضمنی الیکشن سے متعلق بات کروں گا۔