جنگ بندی:وفاقی کابینہ کا ملک بھرمیں جمعہ کو یوم تشکر منانےکا اعلان

جنگ بندی:وفاقی کابینہ کا ملک بھرمیں جمعہ کو یوم تشکر منانےکا اعلان

وفاقی کابینہ نے ایران اور امریکا کے درمیان تاریخی جنگ بندی پر ملک بھر میں جمعہ کو ‘یومِ تشکر’ منانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

 یہ فیصلہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس میں جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی کردار اور ملک کی سفارتی کامیابی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران کابینہ نے متفقہ طور پر پاکستان کی اس عظیم سفارتی کامیابی کو سراہا اور وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی۔ وزیرِ اعظم نے اس موقع پر پوری قوم سے اپیل کی کہ جمعہ کے دن مذاکرات کی حتمی کامیابی اور خطے میں امن کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔شہباز شریف نے اجلاس میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو بھی شاندار انداز میں سراہا، جس پر کابینہ کے ارکان نے ڈیسک بجا کر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کا وقار بلند کیا ہے اور یہ کامیابی پوری قوم کی ہے، جس کے باعث پاکستان کو امریکا-ایران مذاکرات کی میزبانی کا عظیم شرف حاصل ہوا۔

وزیرِ اعظم نے صدر آصف علی زرداری، نائب وزیرِ اعظم، اور بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں کو بھی لائقِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ جدوجہد سے یہ ناممکن کام ممکن ہوا۔شہباز شریف نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان اس عارضی جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا اور خطے و دنیا کو ممکنہ بحران سے بچانے کے لیے اپنا کلیدی کردار جاری رکھے گا۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ موجودہ پیش رفت سے ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر عالمی بحرانوں کے حل میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔اس فیصلے کے ساتھ ملک بھر میں جمعہ کو خصوصی تقریبات، دعائیہ اجتماعات اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں شکرگزاری کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔