موٹروے پرمسافر بس کو حادثہ، 2 افراد جاں بحق

لاہور(کرائم رپورٹر)ننکانہ صاحب کے قریب موٹروے ایم-3 پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں مسافر بس بے قابو ہو کر ویگ کھائی میں جا گری۔ ترجمان سنٹرل ریجن، سید عمران احمد کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید اور 5 معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ موٹروے پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ ایک شخص کے بس کے نیچے پھنسنے کی اطلاع ہے جسے نکالنے کے لیے امدادی ٹیمیں کوششیں کر رہی ہیں۔ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لیے سیکٹر کمانڈر اور ڈی ایس پی بیٹ 13 موقع پر موجود ہیں، جبکہ زونل کمانڈر بھی جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر کو بھی ننکانہ صاحب بھیج دیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جا سکے۔موٹروے پولیس نے بھاری مشینری اور کرینیں بھی طلب کر لی ہیں تاکہ بس کو ہٹایا جا سکے اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا سکے۔ تمام آف ڈیوٹی اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی متحرک ہے اور متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔