ابوظہبی سے آئی خواتین نے 24سکیورٹی کیمروں کا کسٹم اداکرنے انکارکیا،کسٹم کے پیروی نہ کرنے پر مقدمہ بھی خارج
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور ایئرپورٹ پر ابوظہبی سے آنے والی تین برقعہ پوش خواتین مسافروں نے 24سکیورٹی کیمرے اور قیمتی ملبوسات کی سمگلنگ کرنے کی کوشش کی ،کسٹمز اہلکاروں کے روکنے پر ہنگامہ کھڑا کردیا اور اہلکاروں سے سامان چھین کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتی رہیں ،حافظ آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین کو گرفتارکرکے تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج کرلیاگیا تاہم بعدمیں مقدمہ خارج کرکے خواتین کو رہا کردیاگیا۔کسٹمز حکام کا کہناہیکہ ابوظہبی سے آنیوالی 3مسافر برقعہ پوش خواتین نے 24 سکیورٹی کیمرہ اور 40 کلو قیمتی ملبوسات سمگل کرنے کی کوشش کی اورکسٹم ڈیوٹی اداکرنے سے انکار کرتے ہوئے ہاتھا پائی شروع کردی جبکہ کافی سامان زبردستی چھین کر اپنے رشتہ داروں کے حوالے کردیا ۔کسٹمز کے دفاتر میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی اورایک خاتون اہلکار کو تھپڑ مارے گئے۔ ملزموں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور قیمتی ملبوسات کی سمگلنگ سمیت تحویل سے سامان چھیننے کا مقدمہ درج کیا گیا جسے بعد میں واپس لے لیا اور خواتین کو رہا کردیاگیا ۔ ایس پی کینٹ علی رضا کے مطابق لاہورکسٹم حکام نے مزید کارروائی کرنے سے انکار کیا ہے۔اس واقعہ کی کچھ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون اپنے سامان کو دھکا لگا کر کسٹم حکام کی دسترس سے دور لے جا رہی ہے،ایک اور ویڈیو کلپ میں مسافر خاتون کو ایک خاتون کسٹم اہلکار کو تھپڑ مارتے بھی دیکھا جا سکتا ہے،بعدازاں گرفتاری کے بعد خواتین کو گھسیٹ کر لے جانے کی ویڈیو بھی موجود ہیں۔