ویب ڈیسک: بالی وڈ اسٹار سلمان خان کے مداح فلم ’سکندر‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد ان کے گھر پہنچ گئے۔
گزشتہ دنوں عید پر ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوگئی اور فلم اب تک 100 کروڑ کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکی۔فلم کی ناکامی پر سلمان خان بھی فکرمند ہیں۔ فلم کی فلاپ ہونے کے بعد سلمان خان کے مداح ان سے ملنے ان کے گھر پہنچے، جہاں ان کی ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات 5 اپریل کو سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ میں ہوئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس میٹنگ میں سلمان خان اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی۔ مداحوں نے کھل کر فلم ’سکندر‘ پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر ٹرینڈز بھی انہیں دکھائے۔فینز نے سکندر سے متعلق شکایت کی کہ فلم کی کہانی ہی نہیں تھی اور مارکیٹنگ بھی بہت کمزور تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کا مواد پہلے ہی روز لیک ہوگیا تھا، جس کی شکایت انہوں نے ساجد ناڈیاڈ والا کی ٹیم سے کی تھی، مگر اس پر سنجیدگی سے عمل نہیں کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے مداحوں سے ملاقات میں تسلیم کیا کہ شروع سے ہی انہیں یہ محسوس ہو رہا تھا کہ فلم ’سکندر‘ کے ساتھ کچھ نہ کچھ گڑبڑ ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق فینز نے سلمان خان سے درخواست کی کہ وہ علی عباس اور کبیر خان جیسے تجربہ کار ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے سلمان خان کو مشورہ دیا کہ جیسے شاہ رخ خان کی منیجر پوجا دادلانی کنگ خان اور ان کے مداحوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہیں، سلمان خان کو بھی کسی ایسے انسان کو رکھنا چاہیے جو مداحوں سے سلمان خان کا پیغام پہنچائے اور سلمان خان کو مداحوں کا پیغام دے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات کا دورانیہ ایک گھنٹہ تھا، اور سلمان خان نے مداحوں سے وعدہ کیا کہ وہ ان مسائل پر توجہ دیں گے اور آئندہ وہی فلم کریں گے جو ان کے مداح چاہتے ہیں۔