باجوڑ میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد ملبے تلے دب گئے

باجوڑ میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد ملبے تلے دب گئے

باجوڑ: تحصیل ناوگئی کے علاقے غلجو کمانگرہ میں مکان کی چھت اچانک گرنے سے 5 افراد ملبے تلے دب گئے، تاہم ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

 واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق باجوڑ کی تحصیل ناوگئی کے علاقے غلجو کمانگرہ میں ایک مکان کی چھت اچانک زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود 5 افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیوں کے لیے ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانچوں افراد کو بحفاظت ملبے سے باہر نکال لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے نکالے گئے افراد میں 2 خواتین، ایک مرد اور 2 بچے شامل ہیں، جو واقعے کے دوران زخمی ہوئے۔تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال ناوگئی منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام متاثرہ افراد کو بروقت ملبے سے نکال لیا گیا۔