بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں 27واں انٹرنیشنل بک فیئر ریکارڈ بین الاقوامی شرکت کے ساتھ جاری ہے، جس میں دنیا بھر سے سیکڑوں ناشرین، تحقیقی اور ثقافتی ادارے شریک ہیں۔
منتظمین کے مطابق رواں سال کتاب میلے میں 28 ممالک کے 600 سے زائد ناشرین اور اداروں نے شرکت کی ہے، جو میلے کی تاریخ میں سب سے بڑی بین الاقوامی شرکت ہے۔شریک ممالک میں 17 عرب اور 11 غیر عرب ممالک شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 618 ناشرین اور تحقیقی و ثقافتی ادارے میلے کا حصہ ہیں۔میلے میں دسیوں ہزار نئی کتابیں شائقینِ مطالعہ کے لیے پیش کی گئی ہیں، جہاں مختلف موضوعات پر ادبی، تحقیقی، ثقافتی اور علمی کتب دستیاب ہیں۔رواں سال چین نے پہلی مرتبہ بغداد انٹرنیشنل بک فیئر میں شرکت کی ہے، جبکہ عمان بھی 27 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ اس عالمی کتاب میلے میں شریک ہوا ہے۔27واں بغداد انٹرنیشنل بک فیئر 2 سے 12 ستمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ رواں سال میلے کا موضوع "بغداد، اسلامی ثقافت کا دارالحکومت" رکھا گیا ہے، جس کے تحت بغداد کی علمی، ادبی اور ثقافتی تاریخ کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔