کراچی: پاکستانی موسیقی کی دنیا میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والے گانے ’پسوڑی‘ نے ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کرلیا، گانا یوٹیوب پر ایک ارب ویوز حاصل کرنے والی پہلی پاکستان میں تیار کردہ میوزک ویڈیو بن گیا۔
کوک اسٹوڈیو کے مقبول گانے ’پسوڑی‘ نے یہ اعزاز تقریباً 4 سال اور 7 ماہ میں حاصل کیا۔ گانا علی سیٹھی اور شائے گل کی آواز میں 7 فروری 2022 کو کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں ریلیز کیا گیا تھا۔کوک اسٹوڈیو نے اتوار کو انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے ’پسوڑی‘ کے ایک ارب ویوز مکمل ہونے کا اعلان کیا اور گانے کو سننے، اس کے ساتھ گنگنانے اور اسے اپنا بنانے والے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔گانے کی غیر معمولی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ریلیز کے سال ’پسوڑی‘ اسپاٹیفائی پر سب سے زیادہ سنا جانے والا پاکستانی گانا تھا۔ آج بھی یہ علی سیٹھی اور شائے گل کے اسپاٹیفائی پر سب سے زیادہ اسٹریم کیے جانے والے گانوں میں شامل ہے، جہاں اسے تقریباً 40 کروڑ 50 لاکھ مرتبہ سنا جا چکا ہے۔کوک اسٹوڈیو نے اس موقع پر ایک خصوصی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں علی سیٹھی، شائے گل اور گانے کے پروڈیوسرز ذوالفقار خان المعروف ذلفی اور عبداللہ صدیقی مداحوں کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیے۔
’پسوڑی‘ ریلیز ہوتے ہی پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہوگیا تھا۔ گانے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان، بھارت اور برصغیر سے باہر بھی اس کے متعدد کورز بنائے گئے، جبکہ گانے کو بین الاقوامی سطح پر بھی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ایک ارب یوٹیوب ویوز کا سنگِ میل عبور کرکے ’پسوڑی‘ نے نہ صرف پاکستانی موسیقی کی عالمی مقبولیت کو مزید اجاگر کیا ہے بلکہ یہ بھی ثابت کیا ہے کہ مقامی زبان اور ثقافت سے جڑا گانا عالمی سامعین میں بھی غیر معمولی پذیرائی حاصل کرسکتا ہے۔